CM Laptop Distribution Ceremony 2017

سیالکوٹ 08مئی ( ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہاہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت کی یہ واضح سوچ ہے کہ جب تک پاکستان کا ہر بچہ اور بچی زیور تعلیم سے آراستہ نہیں ہوجاتی اس وقت تک پاکستان ترقی یافتہ ملک نہیں بن سکتا،یہی وجہ ہے کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے 2008 ء میں 2 ارب روپے سے پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ قائم کیااور آج اس کاحجم 17ارب روپے سے بڑھ چکاہے اور یہ تعلیمی فنڈ جنوبی ایشیاء کا سب سے بڑا فنڈ بن چکاہے اور اس تعلیمی فنڈ سے 2لاکھ سے زائد بچے اور بچیاں مستفید ہوچکے ہیں۔اگر یہ فنڈ 2008 کی بجائے 14اگست1947 ء کو قائم کر دیا جاتا تو پشاور سے لے کر مہران کی وادیوں تک آج کوئی بچہ وسائل کی کمی کی وجہ سے تعلیم سے محروم نہ رہتا اورملک صحیح معنوں میں قائدؒ و اقبالؒ کا پاکستان بن چکا ہوتا۔پنجاب حکومت کے اس تعلیمی فنڈ سے 11ار ب روپے کے وظائف دئیے جا چکے ہیں جن کے ذریعے ہزاروں کم وسیلہ مگر ذہین طلبا وطالبات تعلیم حاصل کر کے ڈاکٹرز، انجینئرز ، ٹیچرز ، بینکرز ، ماہرین اور سائنسدان بن کر ملک و قوم کی خدمت کررہے ہیں۔اس تعلیمی فنڈ کی بدولت وسائل کی کمی کے شکار قوم کے ہونہار بچوں پر اعلی تعلیم کے دروازے کھلے ہیں۔اگر یہ تعلیمی فنڈ قائم نہ کیا جاتا تو وسائل کی کمی کے باعث یہ بچے اعلی اداروں میں حصول تعلیم تو دور کی بات شاید ان کے دروازوں کی شکل بھی نہ دیکھ سکتے۔اس تعلیمی فنڈ سے پنجاب ہی نہیں بلکہ پاکستان کی تمام اکائیوں کے ہونہار طلبا وطالبات مستفید ہورہے ہیں۔وزیراعلی محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار آج گورنمنٹ کالج فار ویمن یونیورسٹی ،سیالکوٹ میں طلبا وطالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف ، اراکین قومی وصوبائی اسمبلی ،وائس چانسلرز ، پرنسپلز ، اساتذہ ،ماہرین تعلیم اور طلبا و طالبات کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔وزیراعلی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج کی یہ محفل صرف اور صرف میرٹ کو اجاگر کرنے،محنت کی عظمت کو سلام پیش کرنے اورقوم کے ان عظیم بیٹوں اور بیٹیوں کی شاندار کاوش کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے سجائی گئی ہے جنہوں نے دن رات محنت کر کے یہ مقام حاصل کیاہے ۔میں ان بچوں کے والدین اور اساتذہ کو بھی دل کی گہرائیوں سے سلام پیش کرتا ہوں جنہو ں نے ان بچوں کی تعلیم و تربیت میں ان کا بھرپو رساتھ دیا۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت نے پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ قائم کر کے سہیل چوہان او رسارہ جیسے لاکھوں بچے اور بچیوں کے لئے اعلی تعلیم کے مواقع فراہم کئے ہیں اوراس تعلیمی فنڈ نے ان بچوں کے لئے اعلی تعلیم کا بندوبست کیا ہے جن کے والدین اس دنیا سے رخصت ہوگئے ہیں،بلاشبہ یہ بچے ذہانت کے لحاظ سے کسی سے کم نہیں ہیں لیکن وسائل کی کمی ان کے آڑے آتی رہی ہے۔ایک طرف وہ ہیں جن کی چوکھٹ پر دنیا کی ہر نعمت دن رات سلام کرتی ہے دوسری طرف یہ وہ بچے ہیں جو وسائل کی کمی کے باعث تعلیم سے محروم تھے۔یہ بچے ان عظیم پاکستانیوں کے ہیں جو انتہائی محنت اور جفا کش ہیں او رجن کے لئے اپنی دال روٹی بھی پورا کرنا بڑا چیلنج ہے جبکہ دوسری طرف محلات میں رہنی والی اشرافیہ ہے جن کے بچوں کو دنیا میں ہر جگہ اعلی تعلیم کے مواقع میسر ہیں۔ پنجاب حکومت نے پنجاب ایجوکیشنل فنڈ کے ذریعے امیر اور غریب کے مابین تفاوت کے خاتمے کے لئے بڑا قدم اٹھایاہے۔امارت او رذہانت لازم وملزوم نہیں

                                                                   

غریب کا بچہ زیادہ ذہین ہوسکتا ہے۔میں نے غریب کے بچے کو اعلی تعلیم دلانے کا تہیہ کر رکھا ہے اور اس منزل کے حصول کے لئے ا پنی تمام تر توانائیاں وقف کردوں گا۔غربت کو تعلیم کے راستے کی دیوار نہیں بننے دیاجائے گا۔آج پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کی بدولت غریب کاہونہار بچہ سر اٹھا کر کھڑاہے او راعتماد کے ساتھ بات کرتا ہے۔پنجاب حکومت نے ذہین بچوں کے وظائف کے ذریعے پاکستان میں نئے انقلاب کی بنیاد رکھ دی ہے او رہم انقلاب کی باتیں نہیں کرتے بلکہ ہم انقلاب لا کردکھاتے ہیں او راس تعلیمی فنڈ کے ذریعے نوجوان انقلاب برپا کررہے ہیں۔وزیراعلی نے کہاکہ اگر ایک سال کے اندر تعلیمی وظائف حاصل کرنے والے طلبا وطالبات کی تعداد میں ڈیڑھ لاکھ کااضافہ مزید کیا جائے تو میں پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ میں مزید 5ارب روپے دوں گا۔انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت اب تک تین مرحلوں میں 3لاکھ 15ہزار لیپ ٹاپ میرٹ کی بنیاد پر تقسیم کرچکی ہے جبکہ چوتھے مرحلے میں 1لاکھ 15ہزارجدید ترین آئی سیون لیپ ٹاپ تقسیم کئے جا رہے ہیں اور یہ ایک لاکھ 15ہزار لیپ ٹاپ رمضان المبارک سے قبل طلبا وطالبات میں تقسیم کر دئیے جائیں گے اور اس ضمن میں نے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کردی ہیں جبکہ آئندہ مالی سال ڈیڑھ لاکھ جدید ترین لیپ ٹاپ میرٹ پر تقسیم کریں گے اور اس مقصد کے لئے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں فنڈز رکھے جائیں گے تاکہ لاکھوں بچوں کے ہاتھ میں یہ جدید ہتھیار دیں اور وہ پاکستان کی معاشی جنگ لڑیں اور پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کے لئے اپنا موثر کردارادا کریں۔ انہوں نے کہاکہ جب میں نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لئے لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کا پروگرام شروع کیاتو مجھ پر تنقید ہوئی کہ میں نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دے کر اپنا ہمنوا بنا رہاہوں۔میں نے اس وقت بھی کہا تھاکہ کیا میں نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دینے کی بجائے ان کے ہاتھوں میں کلاشنکوف دوں؟او رمیں نے نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دے کر مخالفین کا اس وقت بھی منہ بند کیا تھا اور اب بھی ان کا منہ بند ہونا چاہیے۔ جدید دور کا تقاضا ہے کہ نوجوانوں کو جدید علوم سے آگاہ کرکے بااختیار بنایا جائے اور اسی مقصد کے پیش نظر نوجوانوں کو لیپ ٹاپ دئیے جا رہے ہیں۔ آج اسی لیپ ٹاپ کے ذریعے دنیا میں کروڑوں لوگ رزق حلال کما رہے ہیں اور جدید علوم سے آگاہ ہونا پاکستان کے نوجوانوں کا بھی حق ہے او رپنجاب حکومت نوجوانوں کو لیپ ٹاپ تقسیم کرکے ان کا حق انہیں دے رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ لیپ ٹاپ صرف اور صرف میرٹ کی بنیاد پر تقسیم کئے جا رہے ہیں تاکہ میرٹ ایک ایسا سکہ رائج الوقت بن جائے جسے آنے والی کوئی حکومت تبدیل نہ کرسکے۔آگے بڑھنے او رترقی کا واحد راستہ میرٹ ہی ہے او رپنجاب میں ہر سطح پر میرٹ کو فروغ دیا گیاہے۔وزّیراعلی نے نوجوانوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ آپ ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جو ہم پاکستان کے لئے نہیں کرسکے ،یہ قوم آپ سے توقع کرتی ہے کہ آپ ملک کو غربت سے نکال کر معاشی طو رپر مضبوط کریں گے ۔دنیا بھر میں پاکستان کا پرچم سربلنداوراسے عظیم سے عظیم تر ملک بنائیں گے اور آپ کشکول گدائی کو توڑیں گے۔پاکستان کو خوشحال بنانے او راسے امن کا گہوارہ بنانے کا ہنر آپ کے ہاتھ میں ہے ۔اب آپ کو اپنی صلاحیتوں کو بروئے کارلانا ہے۔نئی نسل وعدہ کرے کہ وہ پاکستان کو عظیم تر بنانے کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کردے گی۔انہوں نے کہاکہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور نے پاکستان کی تاریخ کا دھارا موڑ دیاہے اس پیکیج کے تحت توانائی، ٹرانسپورٹ ، انفراسٹرکچر او ردیگر منصوبوں میں 55ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے ۔وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں سی پیک کے منصوبوں پر دن رات کام ہورہاہے ۔میں آپ کو گواہ بنا کر کہتاہوں کہ جب یہ منصوبہ مکمل ہوگا تو پاکستان کا شمار دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں ہوگا۔چین نے اتنی بڑی سرمایہ کاری کے بدلے کچھ نہیں مانگا ہے او رنہ کوئی شرط رکھی ہے بلکہ وہ صرف پاکستان کے 20کروڑ عوام کی ترقی ،خوشحالی اور امن چاہتاہے۔

                                       

تاریخ شاہد ہے کہ نوجوان نسل کبھی کسی کا احسان نہیں بھولتی ،ہمیں بھی چین کے اس عظیم احسان کو کبھی فراموش نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہاکہ ساہیوال میں ملک کی 70سالہ تاریخ کا سب سے بڑا کول پاور پلانٹ کا منصوبہ لگایا جا رہاہے ۔جولائی 2015ء میں اس منصوبے پر کام شروع ہوا او ر20مئی 2017کو اس کا پہلا حصہ بجلی کی پیداوار شروع کردے گا اور یہ منصوبہ تیز رفتاری سے تکمیل کے حوالے سے دنیا سمیت چین کا بھی ریکارڈ توڑ دے گا۔یہ کوئی رام کہانی یا الف لیلی کی داستا ن نہیں ہے۔یہ محنت اور عزم کی داستان ہے۔دوسری جانب نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ 2002ء میں شروع ہوا او ر18سال بعد بھی رینگ رہاہے،اس میں سب سے پہلے پاکستان کا نعرہ لگانے والے ڈکٹیٹر مشرف اور پیپلز پارٹی کا دور حکومت بھی شامل ہے لیکن اب وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں اس منصوبے پر کام ہورہاہے او رانشاء اللہ 2018ء میں یہ منصوبہ مکمل ہوجائے گا۔انہوں نے کہاکہ جن قوموں کی ہمت او رعزم جواں ہوتو اللہ تعالی ان قوموں کا ہاتھ تھام لیتا ہے۔وقت ضائع کرنیوالی قومیں ہمیشہ پیچھے رہ جاتی ہیں۔ملک میں ہر ایک نے ڈیڑھ اینٹ کی مسجد بنا رکھی ہے او راپنی اپنی بولیاں بولی جا رہی ہیں جب تک ہم نے اتحادو اتفاق کو اپنا زیورنہ بنایا ہم کبھی ترقی نہیں کرسکیں گے۔ قرآن پاک کی تعلیمات او رقائد ؒ کے افکار پر عمل کرنے سے ہی پاکستان عظیم قوت بنے گا۔وزیراعلی نے کہاکہ سیالکوٹ پاکستان کا عظیم شہر ہے، یہ علامہ اقبالؒ ، فیض احمد فیض اور خواجہ محمد صفدر کا شہر ہے، اس شہر نے بڑے عظیم لوگ پیدا کئے ہیں۔ وزیراعلی نے سیالکوٹ کے شہریوں کے لئے سپیڈوبسوں کے اجراء کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ آئندہ چندماہ میں سیالکوٹ کے شہری جدید ترین سپیڈو بسو ں پر سفر کریں گے ۔ وزیراعلی نے شہر میں ایک انڈر پاس کی تعمیر کا بھی اعلان کیا۔وزیراعلی محمد شہبازشریف نے ہونہار طلبا و طالبات میں لیپ ٹاپ بھی تقسیم کئے۔

****